کاہنہ حادثے میں 14 بچوں کی ہلاکت ناقابلِ تلافی سانحہ ہے: مریم نواز
لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ کاہنہ حادثے میں 14 بچوں کی ہلاکت ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔
مریم نواز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بطور ماں وہ والدین کی تکلیف کا اندازہ کر سکتی ہیں اور اس المناک سانحے پر دکھ کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں مل رہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی تھیں، جن کے دوران 20 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم 14 قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی المناک اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ اس سانحے کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے کی بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔