مولانا فضل الرحمان کی آزاد کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے آزاد کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش کردی۔

وفاقی دارالحکومت میں بلاول بھٹو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو خوش آمدید کہتے ہیں ، قومی معاملات پر سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے ہوتے رہتے ہیں۔

اُنہوں نے آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کے دھرنے کے معاملے پر  ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی آمد اس سلسلے میں ایک مثبت پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی فضل الرحمان سے ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی بارہ نشستوں کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو سکتا ہے، ڈنڈے یا بندوق سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ سیاسی انداز میں معاملات طے کیے جا سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر بات چیت ممکن ہے اور یہ کوئی مشکل کام نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی مضبوط اپوزیشن ہے اور سیاسی معاملات میں مولانا فضل الرحمان سے تعاون لیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی گفتگو ہوئی اور ان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کے مسائل کا پائیدار حل نکالا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی دونوں کو عوامی تحریکیں چلانے کا وسیع تجربہ حاصل ہے، حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا غیر متنازع ہونا انتہائی ضروری ہے، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان سیاسی اتحاد تشکیل پا رہا ہے جب کہ ملک بھر میں بھی دونوں جماعتیں سیاسی اتحاد کی خواہش مند ہیں۔

بلاول بھٹو نے زور دیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں