حکومت نے کبھی پی ٹی آئی سے رابطہ نہیں کیا، علیمہ خان کے دعوے غلط ہیں: طلال چودھری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ علیمہ خان اپنے بھائی کی صحت، مقدمات اور سیاست کو ایک ساتھ ملا دیتی ہیں، عوام خود بخوبی سمجھتے ہیں کہ اس کا مقصد کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کی جانب سے کسی قسم کی پیشکش کیے جانے کا دعویٰ سراسر غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کبھی بھی پاکستان تحریک انصاف سے رابطہ نہیں کیا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ رابطے ہمیشہ پی ٹی آئی کی جانب سے کیے گئے۔
— Senator Tallal Chaudry (@TallalPMLN) June 30, 2026
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہر بار ایک ہی رہا کہ جیل میں ملاقاتیں صرف قانون اور جیل قواعد و ضوابط کے مطابق ہوں گی۔
طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ علیمہ خان خود کیوں نہیں چاہتیں کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی دوسری بہنیں اور دیگر اہلِ خانہ بھی ملاقات کر سکیں، آخر اس کی وجہ کیا ہے۔