ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس برقرار، معاشی رپورٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے جون 2026 کی ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اور آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں ترسیلاتِ زر، زرمبادلہ کے ذخائر اور صنعتی پیداوار میں بہتری جبکہ درآمدات میں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے مئی کے دوران ترسیلاتِ زر 38.1 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.2 فیصد زیادہ ہیں۔
مئی 2026 میں ترسیلاتِ زر 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 15.3 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے مئی کے دوران برآمدات 28.2 ارب ڈالر رہیں، جن میں سالانہ بنیاد پر 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اسی عرصے میں درآمدات 58.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے مئی کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ 255 ملین ڈالر سرپلس میں رہا جبکہ 19 جون 2026 تک ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 21.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے مئی کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 6.7 فیصد رہی جبکہ بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار جولائی سے اپریل کے دوران 6.4 فیصد بڑھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جولائی سے اپریل کے دوران 36 ہزار 59 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 24.8 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔