پاکستان نے پہلی بار بین الاقوامی زیتون کونسل میں مستقل رکن کی حیثیت سے نشست سنبھال لی
اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی زیتون کونسل (IOC) کے 123ویں اجلاس میں پہلی بار مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی نشست سنبھال لی۔
پاکستانی سفارتخانے پرتگال کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر نے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، جبکہ پرتگال میں پاکستان کی سفیر عائشہ فاروقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی زیتون کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، کونسل کے چیئرمین اور تمام رکن ممالک نے پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
.jpg)
وفاقی وزیر رانا تنویر نے بین الاقوامی زیتون کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کے مقاصد اور اہداف کے فروغ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کونسل کے اراکین کو پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے زیتون کے شعبے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 55 ہزار 669 ایکڑ رقبے پر 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت کاشت کیے جا چکے ہیں، جبکہ ملک بھر میں زیتون کے پیداواری کلسٹرز مسلسل وسعت اختیار کر رہے ہیں۔