برطانیہ کا مزید 45 ہزار غیر قانونی مقیم افراد کو ملک بدر کرنے کا اعلان

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرتے ہوئے آئندہ 10 برسوں کے دوران مزید 45 ہزار غیر قانونی تارکین وطن اور غیر ملکی مجرموں کو برطانیہ سے ملک بدر کرنے کا اعلان کر دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق حکومتی منصوبے کے تحت ملک بدری کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کیلئے امیگریشن ریموول سینٹرز کی گنجائش میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے، اس مقصد کیلئے حراستی مراکز میں ایک ہزار نئے بستروں کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ ملک بدری کے منتظر افراد کو زیادہ دیر تک کمیونٹی میں آزاد رہنے کے بجائے محفوظ حراست میں رکھا جا سکے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ نئی گنجائش سے خاص طور پر غیر ملکی مجرموں، غیر قانونی طور پر کام کرنے والے افراد اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو جلد حراست میں لے کر ان کی ملک بدری کے عمل کو تیز کیا جا سکے گا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد امیگریشن نظام کو مؤثر بنانا، سرحدی سلامتی کو مضبوط کرنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور ملک بدری کے نظام کو مزید سخت اور مؤثر بنانے کیلئے آئندہ بھی عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں