مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا یومِ تاسیس سادگی سے منایا گیا
تاجر برادری کا تنظیم کو مزید مضبوط بنانے اورحقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) محرم الحرام کے احترام کے پیش نظر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا کی ہدایت پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا ساتواں یومِ تاسیس انتہائی سادگی سے منایا گیا،اس موقع پر وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور تاجروں کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تاجروں نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری، سرپرستِ اعلیٰ خواجہ شاہد رزاق سکا، جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا، چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی اور دیگر مرکزی قائدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فیصل آباد سمیت ملک بھر کی تاجر برادری تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی اور تاجر کاز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔خواجہ شاہد رزاق سکا نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت، رواداری، جذبہ، لگن اور کامیابی ہی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی پہچان ہیں۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری شیخ سعید احمد، ڈپٹی سیکرٹری میاں ریاض شاہد، چیئرمین مرزا اشرف مغل، صدر ینگ ٹریڈرز سہیل نیاز طور اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی قیادت نے ملک بھر میں تاجر برادری کے حقوق کے لیے جس جرات، اتحاد اور وفاداری کا مظاہرہ کیا ہے ، وہ قابلِ فخر ہے ۔ انہوں نے ساتویں یومِ تاسیس کے موقع پر تنظیم کی قیادت اور ملک بھر کے محب وطن تاجروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔