جرائم کے خاتمے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے ، سی پی او
تنویر حسین کی تھانوں کا نظام، پٹرولنگ اور سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے پولیس لائنز کمیونٹی انگیجمنٹ سینٹر میں پولیس افسروں کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک، ٹاؤن ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسروں اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔سی پی او فیصل آباد نے امن و امان کے قیام اور سنگین جرائم کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام تھانوں کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تھانوں کو جدید اسلحہ اور وافر مقدار میں ایمونیشن فراہم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ بہتر نتائج حاصل ہوں، حساس علاقوں میں سیکیورٹی سخت کی جائے اور موٹر سائیکل سکواڈ و ڈولفن سکواڈ کو ہر وقت فیلڈ میں متحرک رکھا جائے ۔سی پی او نے تمام یونٹس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے ، زیر استعمال گاڑیوں کو فوری مرمت کرانے اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پوری قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ جرائم کا خاتمہ کرنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔