غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی مفلوج، شہری مشکلات کا شکار
رہائشی علاقوں میں 12، صنعتی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند ، خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں :شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہوکررہ گئے ۔ رہائشی علاقوں میں 10 سے 12گھنٹے جبکہ صنعتی علاقوں میں 8سے 10گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ،جس کے باعث نہ صرف گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں بلکہ صنعتی علاقوں میں بجلی کی بندش سے صنعتوں کا پہیہ بھی متاثر ہو گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کی طرح فیصل آباد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ فیسکو کی جانب سے کی جانیوالی طویل اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔رہائشی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکا ہے ، جبکہ صنعتی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ دن کے وقت طویل لوڈشیڈنگ کے باعث انکے روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی بندش نے انکی نیندیں بھی حرام کر دی ہیں۔ بڑھتی ہوئی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور اس سے پیدا ہونیوالے مسائل کے حل کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔