شاہراہوں پر غیر قانونی رکشہ ویگن سٹینڈز،ٹریفک متاثر
سٹینڈز پر کھڑی گاڑیاںٹریفک حادثات کا سبب ، ٹریفک اہلکار سٹینڈز کیخلاف ایکشن کی بجائے شہریوں کے چالان کرتے رہتے ہیں
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم غیر قانونی رکشہ اور ویگن سٹینڈز کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے لگی ہے ، جبکہ شہریوں کو روزانہ مشکلات اور حادثات کے خدشات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، ستیانہ روڈ، سرگودھا روڈ، سمن آباد روڈ، ڈی ٹائپ کالونی روڈ، نڑوالا روڈ، ملت روڈ، شیخوپورہ روڈ، سوساں روڈ، ناولٹی پل، مدنی چوک، بنک چوک، ڈی ٹائپ پل، سلیمی چوک، گیٹ والا چوک، نڑوالا چوک، جھنگ بازار چوک، چناب چوک، امام بارگاہ چوک، جی ٹی ایس چوک، ریلوے سٹیشن چوک، تیزاب ملز چوک، کوہ نور چوک، عبداللہ پور چوک، گمٹی چوک، چوہڑ ماجرہ چوک، ڈی ٹائپ گول چوک اور وارث پورہ چوک سمیت متعدد مقامات پر غیر قانونی طور پر رکشہ اور ویگن اسٹینڈز قائم ہیں، جن کے باعث ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ان غیر قانونی سٹینڈز پر کھڑی گاڑیاں نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ آئے روز ٹریفک حادثات کا سبب بھی بنتی ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بعض بااثر عناصر مبینہ طور پر ان سٹینڈز کو چلا رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں۔رپورٹ میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ بعض ٹریفک اہلکار مبینہ طور پر ان سٹینڈز کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے عام شہریوں کے چالان کرنے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد رانا ناصر جاوید نے کہا ہے کہ شہر سے غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کے خاتمے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments