محکمہ انہارکالونی: مبینہ غیر قانونی قبضوں کا انکشاف، ملازمین سرکاری رہائش سے محروم
بعض ملازمین نے اپنے نام الاٹ رہائش گاہیں خود استعمال کرنے کے بجائے نجی افراد کو کرائے پر دے رکھی ہیں ، کالونی میں مقیم بعض نجی افراد جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
فیصل آباد (عبدالباسط سے )محکمہ انہار کے افسر اور ملازمین کے لیے قائم سرکاری رہائشی کالونی میں مبینہ طور پر نجی افراد کے غیر قانونی قبضوں کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث محکمہ کے ملازمین سرکاری رہائش گاہوں سے محروم ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ انہار کے دفتر سے ملحقہ سرکاری کالونی کے درجنوں مکانات پر گزشتہ کئی دہائیوں سے نجی افراد قابض ہیں۔ محکمہ کے افسر اور ملازمین کو سرکاری رہائشیں دستیاب نہیں، جبکہ وہ نجی مکانات میں کرایہ ادا کرکے رہنے پر مجبور ہیں۔کالونی میں مقیم بعض نجی افراد کے جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث کالونی کے رہائشی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔بعض بااثر افراد سے تعلقات کے باعث متعلقہ حکام ان مبینہ قابضین کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ یہ بھی الزام عائد کیا جا رہا ہے بعض افسر اور ملازمین نے اپنے نام الاٹ سرکاری رہائش گاہیں خود استعمال کرنے کے بجائے نجی افراد کو کرائے پر دے رکھی ہیں ۔محکمہ انہار کے افسروں اور ملازمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے سرکاری رہائش کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں، تاہم انہیں رہائش گاہیں الاٹ نہیں کی گئیں، انہیں نجی گھروں میں رہائش اختیار کرنا پڑ رہی ہے اور مالی و دیگر مشکلات کا سامنا ہے ۔متاثرہ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے سرکاری کالونی سے مبینہ غیر قانونی قابضین کا قبضہ ختم کرا کے رہائشیں اصل حقدار ملازمین کو فراہم کی جائیں تاکہ مسائل کا ازالہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments