نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبی ؐ کی روشنی میں
سالانہ کانفرنس میں علما ، افسروں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیراہتمام ‘‘نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں’’ کے موضوع پر سالانہ زونل سیرت النبی ﷺ کانفرنس میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں علما کرام، انتظامی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف پنجاب محمد شاکر سندھو، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر، ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد عمران تبسم، منیجر اوقاف شاہد ارسلان، زونل خطیب اوقاف مولانا محمد اسلم ساقی سمیت مولانا محمد ریاض کھرل، یاسین ظفر، علامہ طاہر الحسن، ڈاکٹر افتخار نقوی اور دیگر علما کرام نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ سید المرسلین، خاتم النبین، رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت مبارکہ کا ذکر ہو تو انسان خود کو اس نورانی ماحول سے دور نہیں رکھ سکتا۔ ایسی بابرکت تقریبات میں شرکت اور حاضری ہمارے لیے باعث سعادت و اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے اور آپ ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔ انہوں نے محکمہ اوقاف کے زیراہتمام سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات شایان شان انداز میں منعقد کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments