ورکرز ویلفیئر سکول کی کلاسز نہ ہوسکیں، عملہ تنخواہیں وصول کر رہا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )طویل عرصہ گزرنے کے باوجود عمارت دستیاب نہ ہونے کے باعث ورکرز ویلفیئر سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کلاسز کا باقاعدہ اجراء نہ ہوسکا، جبکہ پرنسپل سمیت تدریسی و غیر تدریسی عملہ ایک سال قبل تعینات ہونے کے بعد مبینہ طور پر تنخواہیں وصول کر رہا ہے ۔
سکول کی کلاسز شروع نہ ہونے سے محنت کشوں کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے تشویش پائی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ورکرز ویلفیئر سکول کے لیے گرلز اور بوائز کے الگ الگ کیمپس قائم کیے جانے ہیں، جن کے لیے گوجرہ روڈ پر مستقل عمارت زیر تعمیر ہے ۔ تعمیر مکمل ہونے میں مزید تقریباً دو سال لگنے کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر عارضی عمارت میں کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔حکومت کی جانب سے عارضی طور پر گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹوبہ کے ایم اے بلاک کی عمارت ورکرز ویلفیئر سکول کے لیے الاٹ کی گئی، تاہم عمارت تاحال مکمل طور پر خالی نہ ہونے کے باعث کلاسز کا اجراء ممکن نہیں ہوسکا۔ مذکورہ بلاک میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کا سامان بطور اسٹور موجود ہے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا سامان بھی عمارت میں رکھا ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق متعلقہ محکموں کی جانب سے تاحال عمارت خالی نہ کیے جانے کے باعث سکول انتظامیہ کو کلاسز شروع کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایک سال قبل پرنسپل سمیت دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملہ بھی تعینات کیا جاچکا ہے اور ملازمین تنخواہیں وصول کررہے ہیں، تاہم طلبہ کے لیے کلاسز کا باقاعدہ آغاز نہ ہونا انتظامی کارکردگی اور حکومتی وسائل کے استعمال کے حوالے سے سوالیہ نشان بن گیا ہے ۔محنت کش طبقے کا کہنا ہے کہ ایک طرف سکول کا عملہ ایک سال سے تعینات ہے جبکہ دوسری جانب عمارت دستیاب نہ ہونے کے باعث بچوں کی تعلیم شروع نہیں ہوسکی۔ اگر عارضی عمارت بروقت خالی کراکے سکول کے حوالے کردی جاتی تو مستقل عمارت کی تعمیر مکمل ہونے تک بچوں کو تعلیمی سہولت فراہم کی جاسکتی تھی۔والدین اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم اے بلاک میں موجود سرکاری دفاتر کا سامان فوری طور پر متبادل جگہ منتقل کرکے عمارت ورکرز ویلفیئر سکول کے حوالے کی جائے تاکہ گرلز اور بوائز کی کلاسز بلا مزید تاخیر شروع کی جاسکیں اور محنت کشوں کے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments