زرعی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے روابط ناگزیر:ڈاکٹر ذوالفقار علی
ایگریکلچر فورم کا بڑھتی غذائی ضروریات کے پیش نظر سائنسی و عملی حل اپنانے پر زور
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل ایگریکلچر فورم سنٹرل پنجاب نے زرعی شعبے کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے اور طویل المدتی غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے جامعات، تحقیقی اداروں، زرعی توسیعی خدمات، کاشتکار برادری اور صنعت کے مابین مؤثر روابط اور مضبوط رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔اجلاس کی صدارت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ اجلاس میں ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر بابر شہباز، ترقی پسند کاشتکار سید فیصل حسن شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن حکومت پنجاب خالد محمود، چیئرمین شعبہ آبپاشی ڈاکٹر عدنان شاہد، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر محمد خالد بشیر، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار، ڈائریکٹر مرکز برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ، ڈاکٹر راؤ صابر اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، قدرتی وسائل میں کمی اور خوراک کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر مربوط، سائنسی بنیادوں پر مبنی اور عملی حل ناگزیر ہیں۔ جامعات، تحقیقی اداروں، سرکاری محکموں، زرعی توسیعی خدمات، کاشتکاروں اور نجی شعبے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ جدید زرعی ٹیکنالوجیز کو لیبارٹریوں سے کاشتکاروں کے کھیتوں تک تیزی سے منتقل کیا جاسکے ۔اجلاس میں پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے تحت تحقیقی تجاویز، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایڈجنکٹ فیکلٹی اقدام اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی سپروائزری کمیٹیوں میں حکومت و صنعت سے ماہرین کی شمولیت سمیت مختلف اہم اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments