ہڑتال کی کامیابی کیلئے جماعت اسلامی کا تاجروں سے رابطے
پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے فیصلے واپس لینا ہوں گے :محبوب الزماں بٹ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی فیصل آباد کے ضلعی امیر محبوب الزماں بٹ نے پٹرولیم لیوی، بھتہ ٹیکس اور پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 3 ستمبر کو ہونے والی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے سلسلے میں تاجر رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے ہڑتال کی حمایت کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے میاں ریاض شاہد، ڈپٹی سیکرٹری انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ و صدر منٹگمری بازار، چوہدری اعجاز احمد، فنانس سیکرٹری سکا گروپ، اور ملک عمران، صدر کارخانہ بازار سے ملاقات کی اور عوامی مسائل کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی حمایت کی درخواست کی۔ اس موقع پر ضلعی نائب امیر شیخ محمد مشتاق اور سیکرٹری چوہدری محمد سلیم بھی موجود تھے ۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ ہڑتال کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی رہنما اور برادر تنظیموں کے ذمہ داران نچلی سطح پر عام دکانداروں، تاجروں، کاروباری مراکز، تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں اور رابطے کررہے ہیں۔انہوں نے تاجر رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے عوام شدید پریشان ہیں اور حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments