آبادی سیدوالا یونین کونسل 144 میں گندگی کے ڈھیر
پینسرہ (نمائندہ دنیا )آبادی سیدوالا یونین کونسل 144 میں ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کے دعوے عملی طور پر سوالیہ نشان بن گئے ۔
ایف ڈبلیو ایم سی کا صفائی عملہ مبینہ طور پر گزشتہ دو ماہ سے علاقے سے غائب ہے ، جس کے باعث بازاروں، گلیوں اور گھروں کے سامنے کچرے کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جبکہ تعفن اور گندگی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق آبادی سیدوالا اور سبزی منڈی کے اطراف میں صفائی کی صورتحال پہلے ہی غیر تسلی بخش تھی اور کئی کئی روز بعد صفائی عملہ علاقے کا رخ کرتا تھا، تاہم گزشتہ دو ماہ سے عملہ مکمل طور پر غائب ہونے کے باعث صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے ۔ مختلف مقامات پر کوڑے کے ڈھیر جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے اور شہریوں کو ماحولیاتی و صحت کے مسائل کا خدشہ لاحق ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں صفائی کے مؤثر انتظامات کے دعوے کیے جا رہے ہیں، مگر یونین کونسل 144 کی صورتحال ان دعوؤں کے برعکس دکھائی دے رہی ہے ۔ شہریوں نے ایف ڈبلیو ایم سی حکام اور اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل 144 میں صفائی عملہ فوری طور پر متحرک کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments