پی ایچ اے، واسا میں عدم تعاون ، پارکس جوہڑ بن گئے
گندا پانی، کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر، شہری تفریح،بچے کھیلوں کی سرگرمیوں سے محروم، ڈینگی جیسی بیماریوں کا خدشہ،متعدد پارکس صفائی اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )پی ایچ اے اور واسا کے درمیان مبینہ عدم تعاون اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث شہر کے متعدد پارکس سیوریج کے جوہڑوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ پارکس میں گٹروں کا گندا پانی جمع ہونے سے بدبو اور تعفن پھیل گیا جبکہ شہری صحت مند سرگرمیوں اور بچے کھیل کود کی سہولیات سے محروم ہوکر رہ گئے ہیں۔ واسا کی مبینہ غفلت اور پی ایچ اے کی عدم توجہی کے باعث شہر کے بیشتر پارکس میں سیوریج کا پانی کھڑا ہے ، جس سے کیچڑ، بدبو اور تعفن زدہ ماحول پیدا ہوچکا ہے ۔ متعدد پارکس صفائی، مناسب دیکھ بھال اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔کئی پارکس میں بچوں کے لیے جھولے نصب ہیں، تاہم ان کے اردگرد گندا پانی، کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر موجود ہونے کے باعث شہریوں کے لیے پارکس میں داخل ہونا بھی دشوار ہوگیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوٹیفکیشن کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں، مگر پارکس کی بنیادی حالت بہتر بنانے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی۔پارکس میں سیوریج کا پانی کھڑا ہونے کے ساتھ گھاس بے ہنگم انداز میں بڑھی ہوئی ہے جبکہ جھاڑیوں اور پودوں کی بروقت تراش خراش نہ ہونے کے باعث پارکس بدنما منظر پیش کررہے ہیں۔
واکنگ ٹریکس بھی پانی اور کیچڑ کے باعث ناقابل استعمال ہوچکے ہیں، جس سے شہریوں کے لیے سیر و تفریح اور ورزش کی سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں۔شہریوں کے مطابق جن پارکس کو تفریح، ورزش اور بچوں کی صحت مند سرگرمیوں کے لیے مثالی ہونا چاہیے تھا، وہ انتظامی غفلت کی واضح تصویر بن چکے ہیں۔ پارکس کی صفائی اور تزئین و آرائش پر ہر سال لاکھوں روپے خرچ کرنے کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم زمینی صورتحال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے ۔پارکس میں گندا پانی کھڑا رہنے سے مچھروں کی افزائش میں بھی اضافے کا خدشہ ہے ، جس کے باعث ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے تمام پارکس سے فوری طور پر سیوریج کا پانی نکلوایا جائے ، صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور واسا کو نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کا پابند کیا جائے تاکہ آئندہ پارکس میں سیوریج کا پانی جمع نہ ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments