اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ کی سائلین سے ملاقات، درخواستیں سنیں
متعلقہ افسروں کو شفافیت اور میرٹ کیساتھ بروقت داد رسی یقینی بنانیکی ہدایت
کمالیہ (نمائندہ دنیا )حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف کی فراہمی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے تحصیل آفس میں سائلین کی مختلف نوعیت کی درخواستوں اور کیسز کی سماعت کی۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل انفرادی طور پر سنے اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے ، جبکہ پیچیدہ معاملات میں متعلقہ افسران کو شفافیت اور میرٹ کے ساتھ بروقت داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا کے ہمراہ جناح پارک، فاضل دیوان پارک اور زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس کا معائنہ کیا۔
انہوں نے پارکوں میں صفائی، واکنگ ٹریکس، لائٹس اور باغبانی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو تعمیراتی معیار برقرار رکھنے اور منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ اس موقع پر ارم شہزادی نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ سائلین کی عزتِ نفس اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments