پارکنگ مسائل ، بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ بنانے کا فیصلہ
کمشنر کا ضروری دستاویزات طلب ، کیس اعلیٰ صوبائی حکام کو بھجوانے کا فیصلہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں اور گردونواح میں پارکنگ کے مسائل کے حل کی جانب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جلد شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، سی او میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گواریہ، سی او ضلع کونسل، میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد زبیر سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی۔کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے منصوبے سے متعلق ضروری دستاویزات طلب کرتے ہوئے مزید محکمانہ کارروائی کے لیے کیس اعلیٰ صوبائی حکام کو بھجوانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر سے شہریوں اور تاجروں کو محفوظ اور معیاری پارکنگ کی سہولت میسر آئے گی جبکہ گھنٹہ گھر کے اطراف ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments