ڈپٹی کمشنر عائشہ کا بھوانہ کا دورہ، سرکاری اداروں کا معائنہ
تعلیمی و طبی مراکز، اراضی ریکارڈ سنٹر، ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ شینا اعظم کے ہمراہ تحصیل بھوانہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سرکاری اداروں، تعلیمی و طبی مراکز، اراضی ریکارڈ سنٹر، ترقیاتی سکیموں اور بیوٹیفکیشن ورکس کا معائنہ کیا۔ تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کڑک محمدی شریف، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بھوانہ اور چک نمبر 186 ج ب میں گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات، تعمیراتی و تدریسی امور، بجلی، پانی، واش رومز، صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بھوانہ میں انہوں نے سکول ہیڈ کو ہدایت کی کہ واش رومز ہر وقت فعال رہنے چاہئیں جبکہ بجلی اور پانی کا متبادل نظام بھی لازمی موجود رکھا جائے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر محمدی شریف، مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 191 ج ب اور ٹی ایچ کیو ہسپتال بھوانہ کا دورہ کیا۔
مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 191 ج ب کے اچانک دورے کے دوران تمام انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹر اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور تعریفی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے احکامات دئیے ۔ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر بھوانہ کا بھی دورہ کیا، انہوں نے انچارج اور سٹاف سے تفصیلی بریفنگ لی، ریکارڈ روم کا معائنہ کیا اور عوام کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے پبلک ہیلتھ کی سکیم ڈسپوزل ورکس کا معائنہ بھی کیا اور ایس ڈی او پبلک ہیلتھ و سی او میونسپل کمیٹی بھوانہ سے ڈسپوزل کے مختلف امور بارے تفصیلات دریافت کیں ترقیاتی و بلدیاتی منصوبوں کے جائزے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایکسین بلڈنگ کے ہمراہ زیر تعمیر پیرا اسٹیشن بھوانہ کا دورہ کیا ۔چک نمبر 191 ج ب اور چک نمبر 221 ج ب میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کی جاری سکیموں، صاف پانی، گلیوں کی بحالی، سیوریج سسٹم اور دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments