63 ملین گیلن یومیہ پانی منصوبہ، 13 لاکھ شہری مستفید ہو نگے
صاف پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل :نورالامین مینگل
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ماحول دوست پانی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیصل آباد میں پانی کے دو بڑے منصوبوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ڈنمارک کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے 33 ملین گیلن یومیہ استعداد کے ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور فرانس کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے 30 ملین گیلن یومیہ استعداد کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں سے متعلق تمام تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔نورالامین مینگل نے کہا کہ دونوں منصوبے فیصل آباد کے لیے اہم ثابت ہوں گے اور شہر کی بڑی آبادی کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 25 ملین گیلن یومیہ استعداد کا سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ، جبکہ جھال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی توسیع کے ذریعے مزید 5 ملین گیلن پانی سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبوں کی مجموعی استعداد 63 ملین گیلن یومیہ ہے ، جس سے 13 لاکھ سے زائد شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آئے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments