یونین کونسلز سے سرٹیفکیٹس کے اجرامیں تاخیر ، شہری خوار

 یونین کونسلز سے سرٹیفکیٹس کے اجرامیں تاخیر ، شہری خوار

پیدائش، شادی، طلاق،ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانا انتہائی مشکل، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز کی منظوری لازمی ہونے سے ایک دن کا کام ہفتوں میں ہو رہا دستاویزات جلد فراہم کرنے کے عوض مبینہ طور پر اضافی رقوم طلب کی جاتی ہیں ،متعدد بار شکایات کے با وجود مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ضلع بھر کی یونین کونسلوں میں پیدائش، شادی، طلاق اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے آنے والے شہری مبینہ طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مختلف نوعیت کے سرٹیفکیٹس اور دستاویزات کے اجرا و اندراج کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز سمیت دیگر اعلیٰ افسران کی منظوری لازم قرار دیے جانے کے باعث ایک روز میں مکمل ہونے والے کام کئی کئی ہفتوں تک تاخیر کا شکار ہونے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم یونین کونسل دفاتر میں پیدائش، شادی، طلاق اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کے حصول اور اندراج کے لیے آنے والے سائلین کو مبینہ طور پر محکمانہ بدانتظامی کا سامنا ہے ۔ حکام کی جانب سے سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات کے اجرا و اندراج میں شفافیت لانے کے لیے منظوری کا نیا طریقہ کار نافذ کیا گیا ہے ، جس کے تحت یونین کونسلوں میں موصول ہونے والی درخواستیں اعلیٰ حکام کی منظوری کیلئے ارسال کی جاتی ہیں۔

درخواستوں کی بڑی تعداد کے باعث محکمہ کا سسٹم اور مختلف سافٹ ویئرز کا لنک ڈاؤن رہنا بھی معمول بن گیا ہے ، جبکہ درخواستوں کی منظوری کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے ۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کے اہم نوعیت کے کام بھی مطلوبہ دستاویزات کی بروقت عدم فراہمی کے باعث التوا میں پڑ رہے ہیں۔اس سے قبل یونین کونسل کی سطح پر موصول ہونے والی درخواستوں کی یونین کونسل سیکرٹریز کی جانب سے تصدیق مکمل کرنے کے بعد سائلین کو مطلوبہ سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات فراہم کر دی جاتی تھیں، جس سے شہری نسبتاً آسانی سے اپنا کام مکمل کروا لیتے تھے ۔ تاہم حالیہ دنوں میں سسٹم میں تبدیلی کے بعد مختلف امور کے لیے آنے والے شہریوں کی مشکلات میں مبینہ طور پر اضافہ ہوگیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات کے اجرا میں تاخیر کے باعث انہیں بار بار یونین کونسل دفاتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔ بعض شہریوں کی جانب سے مبینہ طور پر یہ شکایات بھی سامنے آئی ہیں کہ دستاویزات جلد فراہم کرنے کے عوض مبینہ طور پر اضافی رقوم طلب کی جاتی ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس حوالے سے متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات بھی درج کروائی جا چکی ہیں، تاہم مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے یونین کونسل کی سطح پر سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات کے اجرا کا نظام آسان اور مؤثر بنایا جائے ، سسٹم و سافٹ ویئر کی خرابیوں کو دور کیا جائے اور درخواستوں کی بروقت منظوری یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری خواری سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...