انٹری ٹیسٹ،خصوصی پارکنگ پلان اور ٹریفک ایڈوائزری جاری
امتحانی مراکز کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد کی ہدایت پر 20 ستمبر بروز اتوار ہونے والے MDCAT انٹری ٹیسٹ کے سلسلے میں امیدواروں اور والدین کی سہولت کے لیے خصوصی پارکنگ پلان اور ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔ لیڈیز امیدواروں کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس جھنگ روڈ جبکہ بوائز امیدواروں کے لیے DPS/DMC سنٹرز مقرر کیے گئے ہیں۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس میں پیدل امیدواروں اور سرکاری و امتحانی عملے کی گاڑیوں کے داخلے کے لیے گیٹ نمبر 2 استعمال ہوگا، جبکہ دیگر امیدوار گیٹ نمبر 3 سے داخل ہو کر فٹ بال گراؤنڈ میں اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارک کریں گے ۔ امتحان کے اختتام پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا اخراج گیٹ نمبر 4 سے ہوگا۔
DMC آنے والے امیدواروں کے لیے تمام قسم کی انٹری جیل روڈ سے ہوگی، جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ ڈی پی ایس کے اندر بس اسٹینڈ میں مختص کی گئی ہے ۔ امتحان کے بعد ایگزٹ کے لیے سٹیڈیم چوک اور بلال چوک کی جانب جانے والی سڑکیں استعمال کی جائیں گی۔چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچنے کے لیے امتحانی مراکز پر وقت سے پہلے پہنچیں اور مقررہ پارکنگ ایریاز استعمال کریں۔ امتحانی مراکز کے اطراف رانگ پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں رانگ پارک کی گئی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا لیا جائے گا۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے امتحانی مراکز کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے امیدواروں، والدین اور شہریوں سے ٹریفک انتظامات میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments