گورنمنٹ گریجوایٹ کالج تاندلیانوالہ میں یومِ اساتذہ پر تقریب
طلبہ نے اپنے اساتذہ سے محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے پھول پیش کئے
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا )علم کی شمع روشن کرنے والے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ گریجوایٹ کالج تاندلیانوالہ میں یومِ اساتذہ کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ نے اپنے اساتذہ سے محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے ، جبکہ یومِ اساتذہ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب کے دوران کالج کا ماحول استاد کے احترام، محبت اور عقیدت کے جذبات سے معمور رہا۔ طلبہ نے اساتذہ کو قوم کے معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ استاد وہ عظیم شخصیت ہے جو کتاب کے الفاظ کو زندگی کا شعور بناتا، نوجوان نسل کی شخصیت سازی کرتا اور انہیں کامیابی کی منزل تک پہنچنے کے لیے درست سمت دکھاتا ہے۔
پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج تاندلیانوالہ ڈاکٹر محمد افضل نعیم نے تقریب کو سراہتے ہوئے کہا کہ استاد کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے ۔ بہترین استاد صرف تعلیم نہیں دیتا بلکہ طلبہ کے کردار، سوچ، اخلاق اور مستقبل کی بنیاد بھی مضبوط کرتا ہے ۔تقریب میں پروفیسر راشد محمود، پروفیسر مظہر علی خان نیازی، پروفیسر نیاز حسین شاہ، پروفیسر نعمان منیر، پروفیسر سید عاطف الطاف، پروفیسر عابد حسین طور، پروفیسر ظہیر احمد بابر، اسد اللہ اور پروفیسر حماد نثار سمیت دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments