گرین بسوں میں اوورلوڈنگ، خواتین اور بزرگ مشکلات کا شکار

گرین بسوں میں اوورلوڈنگ، خواتین اور بزرگ مشکلات کا شکار

خواتین کے لیے مختص حصے میں بھی مرد مسافروں کے بیٹھنے یا کھڑے ہونے کی شکایات

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر ) گرین بس سروس میں مسافروں کی اوورلوڈنگ کے باعث خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گرین بس سروس شہریوں کے لیے آمدورفت کا اہم ذریعہ بن چکی ہے ، تاہم مسافروں کی تعداد میں اضافے کے مقابلے میں بسوں کی تعداد کم ہونے کے باعث گنجائش سے زائد مسافر سوار ہو جاتے ہیں۔ رش کے دوران خواتین اور بزرگ مسافروں کو خصوصاً دشواری پیش آتی ہے ، جبکہ خواتین کے لیے مختص حصے میں مرد مسافروں کے بیٹھنے یا کھڑے ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ اسی طرح مردوں کے حصے میں خواتین کا داخل ہونا معمول بن گیا ہے۔

جس کے باعث تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بس عملہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے بجائے چشم پوشی سے کام لیتا ہے ۔ خواتین کے مطابق شدید رش کے باعث بس میں چڑھنے اور اترنے میں مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ کھچا کھچ بھری بسوں میں موبائل فون، پرس اور دیگر سامان چوری ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے تمام روٹس پر گرین بسوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ روانگی کا وقفہ کم کیا جائے ، خواتین کے مختص حصے کو یقینی بنایا جائے اور اوورلوڈنگ کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...