ڈی سی کا ٹیکو پارک ،واٹر ورکس سٹیشن کا دورہ، کام مکمل کرنیکا حکم
شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ، پانی کی شکایات دور کرنیکی ہدایت
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے مختلف اداروں اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے فیلڈ دورہ کیا اور ٹیکو پارک و واٹر ورکس اسٹیشن اکال والا روڈ کا معائنہ کیا۔ ایم ڈی واسا کامران کاہلوں، چیف آفیسر ضلع کونسل انور بیگ سیال اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹیکو پارک میں جاری ترقیاتی و بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکو پارک کی بحالی کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور ترقیاتی کاموں میں معیار کے ساتھ رفتار کو بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ، پارک میں بچوں کیلئے جھولوں، فیملیز کیلئے مناسب بیٹھنے کی جگہوں اور گزیبو سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے واٹر ورکس اسٹیشن اکال والا روڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا کامران کاہلوں نے مشینری اور پانی کی فراہمی کے نظام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے پانی کے نمونوں کی رپورٹس چیک کرتے ہوئے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، مقررہ شیڈول کے مطابق سپلائی اور شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments