بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کیے جائینگے : ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او
عائشہ رضوان اور ڈاکٹر نوید عاطف نے مسائل کو سنا اور ضروری اقدامات کی ہدایت دی
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت ضلع چنیوٹ کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایم ڈی ستھرا پنجاب واثق عباس ہرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر غزالہ کنول سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں رائس ملز، ٹیکسٹائل ملز، بورڈ ملز، شوگر ملز، فلور ملز، فرنیچر انڈسٹری، چیمبر آف کامرس اور دیگر کاروباری شعبوں کے نمائندگان شریک ہوئے ۔ کاروباری شخصیات نے کاروباری سرگرمیوں کو درپیش مسائل، سکیورٹی، انتظامی امور اور دیگر معاملات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے مسائل کو توجہ سے سنا اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ ملکی و مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے ، اس لیے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور انتظامیہ و کاروباری طبقے کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments