فیڈمک میں چائنیز وغیرہ ملکی شہریوں کی سکیورٹی ، آر پی او کا از سر نو آڈٹ کا حکم
فارنرز کے ورکنگ ایریاز اور دوران سفر سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت ،شجر کار ی مہم کے تحت پو دا بھی لگایا گیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کی زیر صدارت فیڈمک میں چائنیز اور غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ای او فیڈمک قرۃ العین میمن، سی پی او فیصل آباد تنویر حسین، ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سپیشل برانچ اور ایس پی یو کے افسران نے شرکت کی۔ سی ای او فیڈمک قرۃ العین میمن نے آر پی او انعام الرحمن ملک کو انتظامی امور اور سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ فیڈمک انڈسٹریل زون میں کام کرنیوالے غیر ملکیوں کی سکیورٹی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے ، جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ غیر ملکیوں اور اہم تنصیبات کا ازسرنو سکیورٹی آڈٹ کیا جائے اور فارنرز کے ورکنگ ایریاز اور دوران سفر سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے غیر ملکی انجینئرز، ورکرز اور پاور پراجیکٹس کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چائنیز اور دیگر غیر ملکیوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعدازاں آر پی او انعام الرحمن ملک نے شجرکاری مہم کے تحت فیڈمک میں پودا لگایا، جبکہ سی ای او فیڈمک قرۃ العین میمن نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments