ٹھیکریوالا:آوارہ کتوں کی بھرمار، حملے میں2سالہ بچہ زخمی
ٹھیکریوالا:آوارہ کتوں کی بھرمار، حملے میں2سالہ بچہ زخمیبچے سبحان علی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،عوامی حلقوں کی صورتِ حال پر تشویش
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا)میونسپل کمیٹی دھاندرہ اور اس کے اطراف میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی۔ ڈاکٹر مان ٹاؤن میں آوارہ کتوں کے حملے سے دو سالہ بچہ سبحان علی ولد رستم زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے چلڈرن ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے ۔دھاندرہ، طاہر پورہ، ڈاکٹر مان، فقیر آباد، قبرستان، اضافی آبادی پلاٹاں، گورنمنٹ بوائز و گرلز ہائر سیکنڈری سکولوں اور بچوں کے دیگر تعلیمی اداروں کے اطراف میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔
گزشتہ روز ڈاکٹر مان ٹاؤن میں گھر کے باہر گلی میں کھیلنے والے دو سالہ بچے سبحان علی پر آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اس کا بازو شدید زخمی ہو گیا۔ بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے چلڈرن ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔شہریوں کے مطابق علاقے میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث شہریوں، بالخصوص بچوں کی جان و صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سنگین مسئلے سے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو متعدد بار آگاہ کیا جا چکا ہے ، تاہم آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دے رہے ۔عوامی حلقوں نے صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments