نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کی 78 ویں برسی پر صدر، وزیراعظم کا خراج عقیدت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید (نشانِ حیدر) کی 78 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی بے مثال قربانی اور شجاعت پوری قوم کیلئے باعث فخر اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے اور اپنی ذاتی حیثیت میں وطن کے اس بہادر سپوت کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگِ آزادی کشمیر کے دوران نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے تعداد میں کئی گنا زیادہ اور اضافی وسائل کے حامل دشمن کے شدید حملے کو مستعدی اور دلیری سے ناکام بنایا، شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے فوجی دستے کی کمان جاری رکھی اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

صدر مملکت کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے مادرِ وطن کی حرمت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شجاعت اور بہادری کی عظیم داستان رقم کی جو قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا، کیونکہ قوم کے یہ عظیم سپوت ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، شہداء کی قربانیاں قوم کے لئے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔

دوسری جانب اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہید نائیک سیف علی جنجوعہ، ہلال کشمیر (نشانِ حیدر) کی 78 ویں برسی پر پوری قوم انکی مثالی بہادری اور جرات مندانہ انداز شہادت پر ان کو دِلی خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے 1948 میں جنگ کے دوران بزدل دشمن کے شدید حملوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور جنگ آزادی کے دوران تعداد اور وسائل کے غرور میں مبتلا دشمن کے حملوں کو مثالی دلیری سے ناکام بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دورانِ جنگ زخمی ہونے کے باوجود نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے اپنے فوجی دستے کی بڑی بہادری سے کمان کی اور دشمن کے خلاف آخری دم تک نبرد آزما رہے اور بالاخر جام شہادت نوش کیا، دھرتی کے لئے انکی لازوال قربانی پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہید نائیک سیف علی جنجوعہ نے وادیِ کشمیر کے فرزند ہونے کا حق ادا کیا، انکی تاریخی قربانی ان کی وطن سے لازوال محبت کا ثبوت ہے، شہداء کا خون، جری جوانوں کا عزمِ پختہ اور پوری قوم کی دھرتی سے محبت بلا شبہ دفاعِ وطن، آزادی و سلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کی ضمانت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم تمام شہداء کے جذبہ حبِ الوطنی اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے، اللہ تعالی تمام شہداء وطن کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...