شیخوپورہ: موٹروے پولیس کے 436 افسران کی 15ویں بنیادی پاسنگ آؤٹ پریڈ

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) موٹروے پولیس ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں 15ویں بنیادی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 436 افسران نے شرکت کی، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والے افسران میں 47 خواتین بھی شامل تھیں۔

کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی مسرور عالم کولاچی نے پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر چاق و چوبند دستوں نے انہیں سلامی پیش کی، تقریب کے دوران ڈی آئی جی مسرور عالم کو لاچی نے شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹریننگ کالج نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں، جنہوں نے محفوظ مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا، شاہراہوں کو محفوظ بنانا موٹروے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، ایمانداری، خوش اخلاقی اور عوامی خدمت موٹروے پولیس کی پہچان ہیں، جبکہ قانون کی یکساں عملداری ہی ایک کامیاب موٹروے پولیس کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود موٹروے پولیس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ٹریننگ کالج میں افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ وہ دورانِ ڈیوٹی ذمہ دارانہ انداز میں عوام کی خدمت کرسکیں۔

تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جونیئر پٹرول افسر فرحت حسین شاہ نے آل راؤنڈ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اکیڈمکس اور ڈرائیونگ میں بھی بہترین کارکردگی کا اعزاز اپنے نام کیا، جونیئر پٹرول افسر محمد شاہ زیب نے آل راؤنڈ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

دیگر اعزازات حاصل کرنے والوں میں جونیئر پٹرول افسر میمونہ رحمان نے بہترین اکیڈمکس، حسنین حیدر نے بہترین فائر، عمیر رسول نے فائر میں دوسری بہترین کارکردگی، شاہ میر پنہار نے بہترین پریڈ اور اقرار علی نے پریڈ میں دوسری بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا۔

اسی طرح جونیئر پٹرول آفیسر زبیر احمد نے ڈرائیونگ میں بہترین کارکردگی، سمیع اللہ نے ڈرائیونگ میں دوسری بہترین کارکردگی، زاہد حسن نے بہترین ڈسپلن اور محمد عمر معاز نے ڈسپلن میں دوسری بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا۔

تقریب میں افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور بہترین کارکردگی کو سراہا گیا، پاسنگ آؤٹ پریڈ کو موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور شاہراہوں پر محفوظ سفر کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...