مین شاہراہوں ، گلی محلوں میں سٹریٹ لائٹس خراب
رات ہوتے ہی مختلف علاقوں اندھیرا چھا جاتا شہریوں کو مشکلات ،ٹریفک حادثات کے خد شات بھی بڑھ گئے ،کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور میونسپل کارپوریشن سے نو ٹس کا مطالبہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث شہر کی مین شاہراہوں، گلی محلوں اور بازاروں میں نصب اسٹریٹ لائٹس خراب ہو گئی ہیں، جس کے باعث رات ہوتے ہی مختلف علاقوں میں اندھیرا چھا جاتا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مین کینال روڈ، جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر نصب لائٹس خراب ہونے کے باعث رات کے وقت آمدورفت متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ گلی محلوں اور بازاروں میں بھی روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ، لیکن مناسب دیکھ بھال اور بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث یہ سہولتیں غیر فعال ہو کر رہ گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر معمولی خرابی دور کرکے اور چند ہزار روپے خرچ کرکے لائٹس دوبارہ روشن کی جا سکتی ہیں، مگر متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔رات کے وقت سڑکوں پر اندھیرا ہونے سے نہ صرف پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ ٹریفک حادثات کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا نہیں بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو برقرار رکھنا بھی ہے ، لیکن سٹریٹ لائٹس کی مسلسل خرابی متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔شہریوں نے کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر اور میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کی خراب اسٹریٹ لائٹس کا فوری سروے کروا کر ان کی مرمت یقینی بنائی جائے اور اہم شاہراہوں سمیت گلی محلوں میں روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو رات کے وقت درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی ٹیکسوں سے خرچ ہونے والی رقم کا اصل مقصد اسی وقت پورا ہو سکتا ہے جب سرکاری وسائل سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کی جائے ، بصورت دیگر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام بنیادی سہولت سے محروم رہیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments