پلوں کے نیچے نشئیوں کے ٹھکانے ختم نہ ہوسکے
متعلقہ اداروں کی سرگرمیاں سیمینارز، آگاہی مہمات اور کاغذی رپورٹس تک محدود
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اور ضلعی پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پلوں کے نیچے ، سڑکوں کے کناروں اور سنسان مقامات پر منشیات کے عادی افراد کے مستقل ٹھکانے ختم نہ ہوسکے۔ ان مقامات پر سرعام منشیات اور نشہ آور ادویات کا استعمال جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے تیسرے بڑے شہر میں منشیات اور نشہ آور ادویات کا آسان حصول معاشرے کے مختلف عمر کے افراد کو اس دلدل میں دھکیل رہا ہے۔
صورتحال یہ ہے کہ منشیات فروشوں اور میڈیکل سٹورز کے خلاف مؤثر کارروائی کے بجائے متعلقہ اداروں کی سرگرمیاں سیمینارز، آگاہی مہمات اور کاغذی رپورٹس تک محدود دکھائی دیتی ہیں۔ دوسری جانب پلوں کے نیچے اور سڑکوں کے کناروں پر شہریوں کے سامنے نوجوان نشہ کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ سرکاری گاڑیاں ان مقامات سے گزر جاتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو صرف مقامات سے ہٹانے کے بجائے ان کی نشاندہی، رجسٹریشن اور علاج کا انتظام کیا جائے ۔ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments