اینٹوں کی من مانی قیمتیں، ہزار اینٹ 20ہزار روپے تک پہنچ گئی
بھٹہ مالکان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ،متعلقہ محکمے ناکام دکھائی دیتے ہیں :عوامی حلقے
**اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) اٹھارہ ہزاری اور گردونواح میں اینٹ بھٹہ مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر من مانی قیمتیں مقرر کیے جانے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ سرکاری نرخوں پر اینٹوں کی فراہمی محض کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ، جبکہ عملی طور پر ہزار اینٹوں کی قیمت 20 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بھٹہ مالکان کو پوچھنے والا کوئی نہیں اور عوام مہنگے داموں اینٹیں خریدنے پر مجبور ہیں۔عوامی حلقوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اینٹ بھٹہ مالکان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انتظامیہ کی مبینہ خاموشی کے باعث بھٹہ مالکان اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس سے تعمیراتی کام شدید متاثر ہو رہے ہیں اور غریب افراد کے لیے اپنا گھر تعمیر کرنا خواب بنتا جا رہا ہے ۔شہریوں، مزدوروں اور سماجی تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اینٹوں کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے ، من مانی قیمتیں وصول کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر اینٹوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے فوری اقدامات نہ کیے تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments