پیشہ ور بھکاریوں بھر مار، اینٹی بیگری مہم غیر مئوثر مافیا شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا

پیشہ ور بھکاریوں بھر مار، اینٹی بیگری مہم غیر مئوثر مافیا شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے باعث اینٹی بیگری مہم محض کاغذی کارروائی بنتی جا رہی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزارتِ داخلہ کے احکامات کے باوجود فیصل آباد میں پیشہ ور بھکاریوں کا خاتمہ تو دور کی بات، ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ بھکاری مافیا شہر کے چوک چوراہوں، ٹریفک سگنلز، بازاروں اور رہائشی و کمرشل علاقوں میں شہریوں کو پریشان کرنے میں مصروف ہے ۔ پیشہ ور بھکاری مختلف حیلے بہانوں سے خود کو مستحق ظاہر کرکے شہریوں سے بھیک وصول کر رہے ہیں، جس سے حقیقی ضرورت مند افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے باعث اینٹی بیگری مہم محض کاغذی کارروائی بنتی جا رہی ہے ۔ اینٹی بیگری سکواڈ کے لیے سول ڈیفنس کے ملازمین اور سپیشل ایجوکیشن کی گاڑی بھی استعمال کی جاتی ہے ، تاہم سرکاری وسائل استعمال ہونے کے باوجود شہر میں بھکاریوں کی تعداد کم نہیں ہو رہی۔فیصل آباد میں بیگرز ہوم بھی موجود نہیں، جبکہ 2016ء میں بیگرز ہوم کا منصوبہ اے ڈی پی اسکیم میں شامل کیا گیا تھا، لیکن منظوری نہ ملنے کے باعث اس پر بھی کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔صورتحال یہ ہے کہ نہ تو پیشہ ور بھکاریوں کی روک تھام کے لیے کوئی مستقل اور مؤثر حکمتِ عملی بنائی جا سکی ہے بھکاریوں سے برآمد ہونے والی رقوم کا کیا ہوتا ہے اور بھیک کے ذریعے مبینہ طور پر جمع ہونے والی بڑی رقوم کہاں خرچ کی جاتی ہیں، اس حوالے سے بھی کوئی واضح اور شفاف نظام نظر نہیں آتا، جس سے اینٹی بیگری مہم کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...