سدھار میں سرکاری آٹے کا معیار ناقص قرار، شہری سراپا احتجاج

 سدھار میں سرکاری آٹے کا معیار ناقص قرار، شہری سراپا احتجاج

عوام کو پریشانی ،خریداروں اور دکانداروں میں تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑے بڑھ گئے

پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل 168، چک نمبر 67 ج ب سدھار میں پنجاب حکومت کی جانب سے 1100 روپے میں فراہم کیے جانے والے دس کلو آٹے کے تھیلے کا معیار شہریوں نے انتہائی ناقص اور ناقابل استعمال قرار دے دیا۔ شہریوں کے مطابق آٹا روٹی پکانے اور کھانے کے قابل نہیں، جس کے باعث خریداری کے کچھ ہی دیر بعد صارفین آٹے کے تھیلے واپس لے کر دکانوں پر پہنچ جاتے ہیں اور تھیلوں کی واپسی معمول بن چکی ہے ۔ مقامی دکانداروں کے مطابق اب تک درجنوں تھیلے واپس آ چکے ہیں، جس کے باعث خریداروں اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی بڑھنے لگے ہیں۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب مبینہ طور پر ناقص معیار کا آٹا فراہم کرکے غریب عوام کو مزید پریشانی میں مبتلا کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق دکاندار آٹا واپس لینے کو تیار نہیں جبکہ مل مالکان بھی تھیلے واپس لینے سے انکاری ہیں۔ بعض دکانداروں نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ آٹا خریدنے کے بعد واپسی کی کوئی ضمانت نہیں، خریدنا ہے تو خریدیں ورنہ واپس چلے جائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں غریب عوام بڑی امید کے ساتھ سرکاری نرخوں پر آٹا خریدتے ہیں، لیکن اگر یہی آٹا ناقص اور ناقابل استعمال ہو تو حکومتی سبسڈی کا کوئی فائدہ نہیں۔ آٹے کی واپسی کے معاملے پر دکانداروں اور خریداروں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی نے مقامی سطح پر ایک نیا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری آٹے کے معیار کی فوری لیبارٹری جانچ کروائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...