شہری کی ہلاکت، 2 اے ایس آئیز سمیت6افراد کیخلاف مقدمہ
عدیل اشرف کا والد اشرف پو لیس چھاپے کے دوران دھکے اور تشدد سے مارے گئے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) تھانہ صدر پولیس کے مبینہ ریڈ کے دوران شہری کی ہلاکت پر دو اے ایس آئیز سمیت 6 نامزد اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ نواحی گاؤں 534 گ ب کے رہائشی عدیل اشرف نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں سو رہا تھا کہ نصف شب کے قریب تھانہ صدر کے اے ایس آئیز امجد اور رانا شاہجہان سمیت انتظار حسین، افتخار پسران اکرم، ندیم ولد فقیر حسین، وقاص ولد خادم حسین اور تین نامعلوم افراد مبینہ طور پر گھر کا بیرونی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گالم گلوچ شروع کر دی۔ اسی دوران مبینہ طور پر اس کے والد اشرف کے ساتھ دھکم پیل کی گئی، جس سے وہ زمین پر گر کر جاں بحق ہو گئے ۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس تھانہ صدر نے درخواست پر چار مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔دریں اثناء ایس ایچ او تھانہ صدر محمد عمران کی سربراہی میں پولیس نے سابقہ رنجش کی بنا پر شہری شہباز کو تشدد کرکے قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم اسد اللہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے معمولی جھگڑے کی رنجش پر شہباز کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments