ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے :عائشہ رضوان
ڈپٹی کمشنر کا اجلاس ، تعمیراتی معیار کو بھی یقینی بنایا جائے ، متعلقہ افسروں کو ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت، عملدرآمد کی صورتحال اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز شبانہ نذیر، شینا اعظم، حبیبہ بلال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید، ایم ڈی واسا محمد عارف، ایکسین ہائی ویز محمد احمد، ایکسین بلڈنگز محمد شہباز، سی او ہیلتھ ڈاکٹر احمد خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور نئی سکیموں کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے ۔ متعلقہ افسروں نے اپنے محکموں کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر نگرانی اور محکموں کے درمیان مربوط رابطہ انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ تعمیراتی معیار کو بھی یقینی بنایا جائے ، منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں فوری دور کی جائیں اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور ان کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments