ناقص چاکلیٹس ٹافیاں پاپڑ فروخت کرنے کا سلسلہ جاری
فوڈ سیفٹی ٹیموں کو کریک ڈاؤن کی ہدایت دی جائے ،شہریوں کاحکام سے مطالبہ
سمبڑیال(سٹی رپورٹر)تحصیل بھر میں غیر معیار ی چاکلیٹس ٹافیاں اور مضر صحت پاپڑ وسیع پیمانے پر فروخت کرنے کا سلسلہ جاری، کھانے سے بچوں کی صحت متاثر ہونے لگی۔ شہریوں کے مطابق مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے برانڈز کے ملتے جلتے ناموں کی پیکنگ کے تحت غیرمعیاری اشیاء خوردنی ضلع بھر میں مسلسل فروخت ہورہی ہیں ۔غیر معیاری ٹافیوں کی فروخت پر منافع معمول سے زیادہ ہونے پردکاندار انکی فروخت کو ترجیح دیتے ہیں ۔مقامی سطح پر پاپڑ تیار کرکے فروخت کرنے کے چھوٹے چھوٹے کارخانے بھی قائم ہیں جن کی مانیٹرنگ کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا نہ ہی انکے معیار کی کبھی جانچ کی گئی ہے انہیں تیار کرنے والے افراد حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہی کے حامل نہیں ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر ،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال سمیت فوڈ اتھارٹی حکام سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری پاپڑ اور چاکلیٹس و ٹافیوں کی روک تھام یقینی بنانے کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کی جائے ۔