جامعہ گجرات کاسنڈیکیٹ اجلاس ‘ ایڈجنکٹ فیکلٹی کی منظوری

جامعہ گجرات کاسنڈیکیٹ اجلاس ‘ ایڈجنکٹ فیکلٹی کی منظوری

غیر ملکی ماہرین کو فیکلٹی میں شامل کرنیکامقصدطلبہ کوجدیدتعلیم سے روشناس کرانا

گجرات (نامہ نگار )جامعہ گجرات کے 53ویں سنڈیکیٹ اجلاس میں معروف شہرت کے حامل غیر ملکی ماہرینِ تعلیم کو بطور ایڈجنکٹ فیکلٹی شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اس اقدام کا مقصد طلبہ کو دورِ حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق تدریسی وتحقیقی وژن سے رُوشناس کرواتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اُنہیں کامران بنانا ہے ۔ سنڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق تمغہ امتیاز نے کی۔ اجلاس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اراکینِ سنڈیکیٹ نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے افتتاحی کلمات میں سنڈیکیٹ کی مسلسل رہنمائی پراراکین کا شکریہ ادا کیا۔پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے کہا کہ دورِ حاضر میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے معیاری سائنسی و سماجی تحقیق کو بخوبی پروان چڑھاتے ہوئے اپنے مقام و مرتبہ کو بہتر سے بہترین بنا سکتے ہیں۔جامعہ گجرات اپنی بین الاقوامی شناخت کو بہترین بنانے اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ عالمی رینکنگ میں مزید مستحکم مقام حاصل کرنے کے لیے معروف غیر ملکی ماہرین تعلیم کی خدمات بطور ایڈجنکٹ فیکلٹی حاصل کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد انٹرنیشنل فیکلٹی انڈیکیٹر کو مضبوط و نمایاں بناتے ہوئے عالمی سطح پر تحقیقی و تعلیمی روابط کو فروغ دینا ہے ۔اراکین نے سنڈیکیٹ کے 52ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق و اطلاق کے علاوہ انڈومنٹ فنڈ کے تحت فنڈ مینجمنٹ بورڈ کے دوسرے اجلاس کی سفارشات کی منظوری بھی دی۔HED ریکروٹمنٹ پالیسی2021کے سیکشن7کے تحت ریکروٹمنٹ کمپلینٹ ریڈریسل سیل کی تشکیل نو اور پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچ فیلو شپ پالیسی 2025میں مختلف اصلاحات کا عندیہ دیا گیا۔مزید براں کئی برسوں سے غیر حاضر فیکلٹی کو برطرف کر دیا گیا ۔اکیڈمک کونسل اور انویسٹمنٹ کمیٹیوں کی سفارشات کی منظوری دی گئی جبکہ مختلف باڈیز کے قواعد و ضوابط پر بھی نظرِ ثانی کی گئی ہے ۔ کونسل کے 28ویں اجلاس کی سفارشات کی منظوری بھی دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں