ڈائلسز کمپلیکس میں مستحقین کو تمام سہولیات فراہم‘امیر حیدر
النافع ویلفیئر آرگنائزیشن حقیقی معنوں میں رفاہی ادارہ ہے ، علی ہمایوں بٹ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)النافع ویلفیئر آرگنائز یشن کے زیر انتظام سول ہسپتال میں قائم الشافع ڈائلسز کمپلیکس میں ڈائلسز کے مریضوں کو جو سہولیات یہاں دی جاتی ہیں وہ پاکستان بھر میں دیکھنے کو نہیں ملتیں ، النافع ویلفیئر آرگنائزیشن حقیقی معنوں میں رفاہی ادارہ ہے اورسید امیر حیدر کرمانی جس جانفشانی سے کام کررہے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ۔ ان خیالات کااظہار صدر چیمبر آف کامرس علی ہمایوں بٹ نے النافع ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام الشافع ڈائلسز کمپلیکس میں یوم قائد کے موقع پر کیک کٹنگ تقریب میں کیا ۔اس موقع پر صدر النافع ویلفیئر آرگنائزیشن امیر حیدر کرمانی نے کہا کہ اس ادارے میں اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ مستحق افراد کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔جنرل سیکرٹری ادارہ زید امیر حیدر نے کہا عظیم ہیں وہ لوگ جو مخلصانہ طور پر اس ادارے کیلئے مالی امداد کررہے ہیں ۔اس موقع پر سابق صدر چیمبر آف کامرس رانا ناصر،سعد عرفانی ،وقاص افضل ،شیخ عامر الرحمن،میاں عمر سلیم ، ڈاکٹر منظور،ڈاکٹر فضل ارحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ضیا اللہ عرفانی، آفاق ایوب ،عرفان بٹ موجود تھے۔