پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام یوم قائد پر تقریب
انصاف،اتحاد ،حقوق فراہمی سے پاکستان ضرور اپنا مقام حاصل کریگا:عرفان الحق پنجاب کالجز کے تمام کیمپسز میں بھی پروگرامز کا اہتمام ،قائد اعظمؒ کو خراج عقیدت پیش
گوجرانوالہ ( نیوز رپورٹر )پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس گوجرانوالہ کے زیر اہتمام یوم قائد کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش اور دلچسپی کا اظہار کیا۔ طلبہ نے ملی نغمے اور خاکوں کی مدد سے بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مہمان خصوصی ایس ایس پی سیف سٹی گوجرانوالہ عرفان الحق سلہریا تھے جبکہ اس موقع پر ڈین پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ،ہیڈ بی ایس پروگرامز شمیم اختر، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔عرفان الحق سلہریا نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر نوجوان نسل کو اعتماد دیا جائے تو وہ پاکستان میں معجزے رونما کر سکتے ہیں کیونکہ پچھلے دنوں پاکستان نے بھارت کو جو منہ توڑ جواب دیا اس موقع پر بھی زیادہ بھرپور کردار شعبہ آئی ٹی کے نوجوانوں نے ادا کیا اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی کی تمام منازل طے کرے گا۔انہوں نے کہا سماجی انصاف،اتحاد،بنیادی حقوق کی فراہمی اور قوم کو امید دینے سے پاکستان ضرور اپنا مقام حاصل کرے گا ۔انہوں نے کہاقائداعظم ؒنے منطق اور امید کے ذریعے پا کستان کا مقدمہ جیتا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمان خصوصی ایس ایس پی سیف سٹی عرفان الحق سلہریاکو ادارے کی طرف سے یادگاری شیلڈ اور سوونیئر پیش کیا گیا۔ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز گوجرانوالہ شہزاد رفیق کی ہدایت پر پنجاب کالجز کے تمام کیمپسز میں بھی قائد اعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جن میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی ۔