گوجرانوالہ چیمبر ،ایف بی آر کے تعاون سے ٹیکس آگاہی سیشن
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے ٹیکس آگاہی سیشن منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ٹیکس ایجوکیشن اینڈ فسیلی ٹیشن ایف بی آر مطیع الرحمٰن ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے ،
چیمبر آمد پر سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی اور نائب صدر فیصل ستار مغل نے استقبال کیا۔ خطاب کرتے ہوئے مطیع الرحمٰن نے کہا کہ گوجرانوالہ ملک کے ان بڑے شہروں میں شامل ہے جو ٹیکس ادائیگی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریاست اور عوام کے درمیان سماجی معاہدہ ہے جس کے تحت ایف بی آر نہ صرف ٹیکس وصولی بلکہ عوام اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کا بھی پابند ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ پالیسی سازی کے عمل میں چیمبر آف کامرس کی تجاویز کو بڑی حد تک شامل کیا جاتا ہے اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے افسروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے زیرو انٹریکشن نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت ملے ، انہوں نے بتایا کہ ٹیکس کمپلائنس میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔