ضلع وزیرآباد کے متعدد قصبات گیس کی سہولت سے محروم
جامکے چٹھہ (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ وزیرآباد کے متعدد قصبات آج بھی سوئی گیس سے محروم ہیں۔
ڈسٹرکٹ وزیرآباد کے متعدد قصبات جامکے چٹھہ،دلاورچیمہ خانکی ہیڈ،منچر چٹھہ ،منڈھیالہ چٹھہ،پنڈوری کلاں برج چیمہ، ٹھٹھی بلوچ جتی شاہ رحمن بڑاپنڈ ودیگر درجنوں دیہات سوئی گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، حالانکہ سوئی گیس کی مین پائپ لائن قصبات کے اندر سے گزر رہی ہے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سوئی گیس کی عدم فراہمی کے باعث عوام مہنگی ایل پی جی سلنڈرز اور سوکھی، مہنگی لکڑیوں کے استعمال پر مجبور ہو چکے ہیں جس سے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ۔متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی بار متعلقہ حکام اور منتخب نمائندوں کو درخواستیں دی گئیں مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں ایل پی جی اور لکڑی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی مشکلات کو دوگنا کر دیا ہے ، خاص طور پر غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے ۔شہریوں نے حکومت اور سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد کے قصبات میں فوری طور پر سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مہنگے متبادل ایندھن سے نجات مل سکے اور ان کے روزمرہ مسائل میں کمی آ سکے ۔