چلڈرن ہسپتال ، غیر حاضر عملے کیخلاف کارروا ئی کا حکم
ڈپٹی کمشنر کا اچانک دورہ ، زیر علاج بچوں کی عیادت ، بی ایچ یو منڈیالہ تیگہ بھی گئے
گوجرانوالہ، کامونکے (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ڈیوٹی سے غیر حاضر اور تاخیر سے آنے والے عملے کے خلاف 24 گھنٹوں کے اندر محکمانہ کارروائی عمل میں لا کر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ادویات کی دستیابی، مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کے مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کے اٹینڈنٹس سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار بارے فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے منڈیالہ تیگہ مریم نواز ہیلتھ کلینک (بی ایچ یو) کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اور طبی عملے کی حاضری چیک کی گئی جبکہ ادویات کے سٹاک، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور عملے کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کرنے اور دفتری اوقات کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔