آگیگا کا 10 فروری کو وزیراعلیٰ ہائوس کے با ہر دھرنے کافیصلہ

 آگیگا کا 10 فروری کو وزیراعلیٰ ہائوس کے با ہر دھرنے کافیصلہ

مسلسل ناانصافیاں کی جا رہیں، ملازمین شدید ذہنی اور معاشی دبا کا شکار ہیں:رہنما

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)صوبہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کیخلاف 10فروری کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہا ئوس کے باہر پرامن احتجاجی دھرنا دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ اس فیصلے کا اعلان آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا)پاکستان کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں اگیگا پاکستان کے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ نے کیا۔ اجلاس میں اگیگا ایگزیکٹو کونسل پنجاب کے عہدیدار شفقت رسول سندھوچیئرمین، صدر میاں امجد علی، مرکزی صدر پنجاب ٹیچرز یونین و وائس چیئرمین چودھری اﷲ رکھا گجر، وائس چیئرمین محمد طارق قریشی، رشید احمد بھٹی، محمد اکرم سیال، ذوالفقار احمد کاہلوں، اکرام اﷲ سلیمی، محمد شبیر عطاری، مرکزی جنرل سیکرٹری آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن نصیرالدین ہمایوں ملک، شاہد اقبال گجر، محمد افضل بھنڈر شریک تھے جن کی مشاورت اور مطالبے پر لاہور میں احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا گیا۔ چیف کوآرڈینیٹر اگیگا پاکستان رحمان علی باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے سرکاری ملازمین کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ملازمین شدید ذہنی اور معاشی دبا کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ، احتجاجی دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں