نوشہرہ:وزیر اعلیٰ کلینک آن ویلز کی گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال
ایک کا ڈرائیور ذاتی استعمال کر رہا تھا ، دوسری گاڑی ڈرائیور کے دوست کے پاس تھی اے سی نے بے ضابطگیوں، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر نوٹس لے لیا
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال کا چیف منسٹر کلینک آن ویلز پر چھاپے ، بے ضابطگیوں، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر نوٹس لے لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے چیف منسٹر کلینک آن ویلز کی گاڑی نمبر GBF241 کی چیکنگ کی تو گاڑی میں صرف ڈرائیور موجود تھا، جو سرکاری ڈیوٹی کے بجائے ذاتی کام سے بینک گیا ہوا تھا چیکنگ کے دوران ڈرائیور کے پاس وصول کی گئی ادویات کی فہرست یا متعلقہ ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا جبکہ میڈیکل آفیسر اور الائیڈ سٹاف بھی گاڑی میں موجود نہ تھے اسی طرح چیف منسٹر کلینک آن ویلز کے تحت گاڑی نمبر GBF660 ڈرائیور کے بجائے اس کے دوست یعنی ایک نجی شخص کے زیر استعمال پائی گئی اس گاڑی میں بھی میڈیکل آفیسر اور الائیڈ سٹاف موجود نہیں تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال نے معاملے کو سنگین بے ضابطگی قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔