چھینا مینڈیٹ جعلی حکمرانوں سے واپس لیں گے :طارق محمود
تحریک تحفظ آئین کے کارواں پر پنجاب حکومت کاتشدد کسی سے ڈھکا چھپا نہیں
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )تحریک تحفظ آئین پاکستان کے کارواں پر پنجاب حکومت کی جانب سے کیا جانے والا تشدد کسی سے ڈھکا چھپا نہیں حکمران آئین اور جمہوریت سے خوفزدہ ہیں ،کراچی میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا دوہرا معیار بھی سامنے آ گیا 8 فراری کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے لاکھوں کارکن سڑکوں پر ہوں گے اور چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم این اے میاں طارق محمود نے روزنامہ دنیا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے کارواں پر پنجاب حکومت کا لاٹھی چارج کرنا فسطائیت کی مثال ہے حالانکہ کے پرامن سیاسی سرگرمی ہر شہری کا آئینی حق ہے مگر پنجاب حکومت نے اس حق کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ایک طرف پنجاب میں آئین اور قانون کو پامال کرتے ہوئے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے دوہرا معیار اپنایا وزیر اعلیٰ کے پی کے کو سندھ حکومت نے اجرک پہنائی اور دوسری جانب جلسے کے لئے جمع ہونے والے لاکھوں کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جلسہ کرنے کی اجازت بھی نہ دی گئی ۔میاں طارق محمود نے مزید کہا کہ 8 فروری کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے لاکھوں کارکن سڑکوں پر ہوں گے اور جعلی حکومت سے اپنا چھینا گیا مینڈیٹ واپس لیں گے ۔