گوجرانوالہ کااے کیو انڈیکس 700 سے تجاوز، سانس لینا دشوار
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو چھو گئی، گوجرانوالہ کاایئر کوالٹی انڈیکس 700 سے تجاوز، سانس لینا دشوار ،فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے ، شہر بھر میں ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے جبکہ زہریلے ذرات فضا میں محلول ہو کر شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔
فضائی آلودگی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ہے ، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ماحولیاتی رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 700 پوائنٹس سے بھی تجاوز کر گیا ہے ، جو عالمی معیار کے مطابق انتہائی خطرناک سطح ہے ۔ شہریوں میں آنکھوں کی جلن، کھانسی، سانس کی تکلیف اور گلے میں خراش جیسی شکایات میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔دوسری جانب ریجن میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ۔ گوجرانوالہ اور گردونواح میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے ۔ سرد ہواؤں اور دھند کے باعث روزمرہ زندگی بھی متاثر ہونے لگی ہے ۔ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ صنعتی دھواں، اینٹوں کے بھٹے ، گاڑیوں کا بے ہنگم دھواں اور فصلوں کی باقیات جلانا فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات ہیں، تاحال مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔