وکلا کے مسائل حل کیلئے عملی اقدامات کرینگے ، سعید انجم
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے نو منتخب نائب صدر سعید انجم، جوائنٹ سیکرٹری حسن عباس اعوان، فنانس سیکرٹری فیصل سعید گھمن اور لائبریری سیکرٹری ارسلان ریاض تارڑ نے اپنی کامیابی کی خوشی میں بار میں پُرجوش انداز میں جشن منایا۔
ڈھول کی تھاپ پر بار کا چکر لگایا اور وکلا برادری کے اعتماد اور بھرپور حمایت پر فرداً فرداً اپنے گروپس کے لیڈران، سینئر وکلا اور بار ممبران کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ممبر پنجاب بار کونسل شعیب بھٹی، مرزا طیب شہزاد و دیگر وکلابھی ہمراہ تھے جنہوں نے نو منتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بار روم میں جشن کا سماں رہا اور وکلاء کی بڑی تعداد نے خوشی کا اظہار کیا۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے نو منتخب صدر مبشر عزیز گجر، جنرل سیکرٹری عمر بلال تارڑ، سابق صدر بارچودھری امان اﷲ سندھو، عمر خضر ہنجرا، عثمان افضل چٹھہ، ممتاز ماہر قانون افضال ہنجرا، سابق چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی رانا مبین لیاقت، قاضی نعمان افضل ایڈووکیٹ، معظم بھٹی سمیت وکلا کی کثیر تعداد نے نئی قیادت کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر نو منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام ممبران کے ساتھ ملکر بار کی بہتری، وکلا کے مسائل حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے تمام عہدیدارمشاورت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے ۔